ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اندرا کینٹین کی خامیوں کو دور کرنے کل جماعتی کمیٹی تشکیل

اندرا کینٹین کی خامیوں کو دور کرنے کل جماعتی کمیٹی تشکیل

Mon, 30 Jul 2018 23:46:10    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز) شہر میں اندرا کینٹین کی تعمیر میں مبینہ دھاندلیوں کے الزامات کی جانچ کرنے کے لئے میئر سمپت راج نے بی بی ایم پی کونسل کی سطح پر ایک کل جماعتی کمیٹی تشکیل دینے کا یقین دلایا ہے۔

آج کونسل کی میٹنگ شروع ہوتے ہی حکمران پارٹی کے لیڈر ایک شیوراج نے یہ معاملہ اٹھایا اور کہاکہ اندرا کینٹین کی تعمیر کے بعد جو باقی رقم رہ گئی ہے وہ فوراً ادا کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ اندرا کینٹین میں روزانہ غریب اور مزدور کھانا کھارہے ہیں ، کینٹین چلانے والوں کو اب تک چالیس کروڑ روپیوں کی رقم باقی رہ گئی ہے۔ اس سے اتفاق کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی نے کہاکہ اب تک کینٹین میں جتنے لوگوں نے کھانا کھایا ہے اس کے اعداد وشمار منظر عام پر لائے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ بعض کینٹینوں میں بہت کم لوگوں نے کھانا کھایا ، لیکن رقم زیادہ لوگوں کے حساب سے وصول کی گئی ہے۔

پدمانابھا ریڈی نے کہاکہ اندراکینٹین سے لوگوں کو سہولت ہوئی ہے اس سے کسی کو انکار نہیں لیکن اس کی آڑ میں کچھ لوگوں نے فائدہ اٹھانے جو کوشش کی ہے اس پر روک لگائی جانی چاہئے۔ اس موقع پر کارپوریشن کمشنر منجوناتھ پرساد نے کہا کہ اندرا کینٹین کے منصوبے کی ستائش بین الاقوامی سطح پر کی جارہی ہے۔

اس کینٹین کو دنیا کے چند بہترین کینٹینوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔ پکوان کے لئے پاکی صفائی کا جو نظم اندرا کینٹین نے اپنایا ہے اسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جارہاہے۔ کینٹین اور کچن کی نگرانی کے لئے حکومت کی طرف سے فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس نظام میں تمام احتیاط کے باوجود خامیاں موجود ہیں ، اسے دور کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جائے گی۔ ایم شیوراج نے کہاکہ اندراکینٹین کے معیار کو اور بھی بلند کرنے کی ضرورت ہے۔کا رپوریٹروں کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے میئر سمپت راج نے اعلان کیا کہ اندرا کینٹین کے منصوبے کو اور بہتر بنانے اور اس کی خامیوں کودور کرنے کے لئے ایک کل جماعتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ کمیٹی اپنے قیام کے ایک ماہ کی مدت میں اپنا جائزہ مکمل کرتے ہوئے بی بی ایم پی کو رپورٹ پیش کرے۔


Share: